December 23, 2024

” خیبر پختونخوا کا نیا چیف سیکرٹری کون؟تین نام وزیر اعظم سیکرٹریٹ کو ارسال ” | GNN INFO

خیبر پختونخوا کا نیا چیف سیکرٹری کون؟تین نام وزیر اعظم سیکرٹریٹ کو ارسال

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے عہدے پر نئی تقرری کیلئے تین افسران کے ناموں کا پینل وزیر اعظم سیکرٹریٹ کو ارسال کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جن تین افسران کے ناموں کا پینل پی ایم سیکرٹریٹ ارسال کیا گیا ہے ان میں گریڈ 21 کے پی اے ایس آفیسرز شہاب علی شاہ ،عثمان اختر باجوہ اور علی طاہر شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا حکومت کے باخبر ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت اور چیف منسٹر علی امین گنڈاپور کی شہاب علی شاہ کو چیف سیکرٹری بنانے میں دلچسپی ہے اور اس بات کا اظہار چیف منسٹر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں بھی کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہاب علی شاہ نے بطور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کئی میگا پراجیکٹس صوبے میں شروع کئے اور یہی وجہ ہے کہ نئی صوبائی حکومت ان کو چیف سیکرٹری کے عہدے پر تعینات کرنے میں دلچسپی لے رہی ہے۔

چیف منسٹر سیکرٹریٹ کے ذرائع نے ہم نیوز انگلش کو بتایا کہ موجودہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری کو تبدیل کرکے نئے چیف سیکرٹری کی تقرری میں کچھ ٹائم لگے گا۔

خیبر پختونخوا کے موجودہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کو وفاقی حکومت نے 22مارچ 2023 کو امداد بوسال کی جگہ پر چیف سیکرٹری تعینات کیا تھا۔ امداد بوسال صرف دو مہینے تک چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا تعینات رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق صوبے میں علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں نئی حکومت بننے کے بعد موجودہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو تبدیل کرنے کے لئے مشاورت شروع ہوئی ہے ۔
12 مارچ کو چیف منسٹر کے پرنسپل سیکرٹری نے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کو تبدیل کرکے شہاب علی شاہ کو نیا چیف سیکرٹری تعینات کرنے کی سمری وفاقی حکومت کو بھیجی تھی۔

جس پر اسٹبلشمنٹ ڈویژن نے اعتراض کیا اور صوبائی حکومت کو تین ناموں کی پینل ارسال کرنے کی ہدایت کی تھی۔



About The Author

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *