” پنجاب میں جیلوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کا حکم، ملاقاتوں پر پابندی ” | GNN INFO
”
لاہور: پنجاب بھر میں جیلوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے قیدیوں کی ملاقات پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی۔
ترجمان جیل خانہ جات پنجاب کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب بھر کی جیلوں میں حفاظتی انتظامات سخت کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے قیدیوں اور حوالاتیوں کی ملاقات میں عارضی پابندی عائد کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کو مراسلہ بھجوا دیا جس میں اڈیالہ، میانوالی، اٹک اور ڈیرہ غازی خان کی جیلوں میں سخت حفاظتی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
جیل خانہ جات کے ترجمان کے مطابق جیلوں میں بم ڈسپوزل اسکواڈ سے چیکنگ کا حکم دیا گیا ہے اور جیل آنے جانے والے اہلکاروں کی سخت چیکنگ، بیرونی دیواروں پر خار دارتاریں لگانے کے بھی احکامات دیئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے بیٹوں کے کرپشن کیسز کھل گئے
جیلوں میں پولیس اور رینجرز کے دستوں کی فرضی مشقوں کی بھی ہدایت کر دی گئی۔
اس سے قبل پنجاب حکومت نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اڈیالہ جیل کا دورہ کرنے سے روک دیا گیا تھا جبکہ اڈیالہ جیل پہنچنے والے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب، فردوس شمیم نقوی، عاطف خان اور شہرام ترکئی کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
”