December 22, 2024

” سینیٹ کی 30 نشستوں پر انتخابات آج ہوں گے ” | GNN INFO

Senate Election

اسلام آباد: سینیٹ کی 30 نشستوں پر انتخابات آج ہوں گے جس کے لیے پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ سینیٹ انتخابات میں مجموعی طور پر 59 امیدوار مدمقابل ہیں۔

سندھ کی 12، خیبرپختونخوا کی 11، پنجاب کی 5 اور اسلام آباد سے سینیٹ کی 2 نشستوں پر انتخاب ہو رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے تیاریاں مکمل کر لیں جبکہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور انتخابی سامان کی ریٹرننگ افسروں تک ترسیل کر دی گئی۔

سینیٹ انتخابات سے قبل 18 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ بلوچستان کی 11 اور پنجاب کی 7 جنرل نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب قرار پائے ہیں۔

سندھ میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر 19 امیدواروں میں مقابلہ ہو گا جبکہ پنجاب میں خواتین اور ٹیکنو کریٹ کی 2، 2 اور ایک اقلیتی نشست پر ووٹنگ ہو گی۔ پیپلز پارٹی نے پنجاب میں ٹیکنو کریٹ، خواتین، اقلیتی نشست پر مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مشرف نے نواز شریف کو ہتھکڑی لگا کر غلط کیا تھا، علی محمد خان

خیبر پختونخوا سے سینیٹ انتخابات کے لیے 11 نشستوں پر 26 امیدوار میدان میں ہیں لیکن وہاں انتخابات ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے معاملہ لٹکا ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن نے صوبے میں پولنگ کے انتظامات بھی مکمل کر لیے ہیں، معاملے پر آج مشاورتی اجلاس طلب کیا گیا ہے جہاں صوبائی الیکشن کمشنر کی رپورٹ کی روشنی میں خیبرپختونخوا میں انتخاب کرانے یا ملتوی کرانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے خبردار کیا تھا کہ اگر ارکان کو حلف نہ دلوایا گیا تو کمیشن خیبرپختونخوا کی حد تک سینیٹ انتخاب ملتوی کرنے پر مجبور ہو گا، الیکشن کمیشن کے احکامات کے باوجود صوبائی حکومت اپوزیشن اراکین سے حلف نہ لینے کے فیصلے پر ڈٹی ہوئی ہے۔



About The Author

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *